Tafheem e Qur'an - Syed Abu Ali Maududi

Ayah by Ayah

Tags

Download Links

Tafheem e Qur'an - Syed Abu Ali Maududi translation for Surah Al-Haqqah — Ayah 19

69:19
فَأَمَّا مَنۡ أُوتِيَ كِتَٰبَهُۥ بِيَمِينِهِۦ فَيَقُولُ هَآؤُمُ ٱقۡرَءُواْ كِتَٰبِيَهۡ ١٩
اُس وقت جس کا نامہٴ اعمال اُس کے سیدھے ہاتھ میں دیا جائے گا1 وہ کہے گا”لو دیکھو، پڑھو میرا نامہٴ اعمال،2
Footnotes
  • [1] سیدھے ہاتھ میں نامہ اعمال کا دیا جانا ہی ظاہر کر دے گا کہ اُس کا حساب بے باق ہے اور وہ اللہ تعالیٰ کی عدالت میں مجرم کی حیثیت سے نہیں بلکہ صالح انسان کی حیثیت سے پیش ہو رہا ہے۔ اغلب یہ ہے کہ اعمال ناموں کی تقسیم کے وقت صالح انسان خود سیدھا ہاتھ بڑھا کر اپنا نامہ اعمال لے گا، کیونکہ موت کے وقت سے میدانِ حشر میں حاضری تک اُس کے ساتھ جو معاملہ پیش آیا ہوگا اس کی وجہ سے اس کو پہلے ہی  یہ اطمینان حاصل ہو چکا ہوگا کہ میں یہاں انعام پانے کے لیے پیش ہو رہا ہوں نہ کہ سزا پانے کے لیے۔ قرآن مجید  میں یہ بات جگہ جگہ بڑی صراحت کے ساتھ بتائی گئی ہے کہ موت کے وقت ہی سے یہ بات انسان پر واضح ہوجاتی ہے کہ وہ نیک بخت آدمی کی حیثیت سے دوسرے عالم میں جا رہا ہے یا بدبخت آدمی کی حیثیت سے ۔ پھر موت سے قیامت تک نیک انسان کے ساتھ مہمان کا سا معاملہ ہوتا ہے اور بد انسان کے ساتھ حوالاتی مجرم کا سا۔ اس کے بعد جب قیامت کے روز دوسری زندگی کا آغاز ہوتا ہے اسی وقت سے صالحین کی حالت و کیفیت کچھ اور ہوتی ہے اور کفار و منافقین اور مجرمین کی حالت و کیفیت کچھ اور (تفصیلات کے لیے ملاحظہ ہو تفہیم القرآن، جلد دوم، الانفال،آیت5۰۔النحل، آیات28،32،مع حاشیہ 2۶۔بنی اسرائیل، آیت97۔ جلد سوم ، طٰہٰ، آیات1۰2،1۰3،124تا12۶،مع حواشی 8۰،79،1۰7 لانبیاء، آیت 1۰3، مع حاشیہ 98۔الفرقان،آیت24، مع حاشیہ38۔ النمل، آیت89،مع حاشیہ1۰9م جلد چہارم، سبا،آیت 51،مع حاشیہ72۔ یٰس، آیات 2۶،27،مع حواشی 22۔23۔المومن، آیات45،4۶،مع حاشیہ ۶3۔جلد پنجم، محمد ؐ ، آیت27 مع حاشیہ 37۔ق،آیات19تا23۔مع حواشی 25،23،22)۔
  • [2] یعنی نامہ اعمال ملتے ہی وہ خوش و جائے گا اور اپنے ساتھیوں کا دکھائے گا ۔ سورہ الشقاق ، آیت 9 میں بیان ہوا ہے کہ ”وہ خوش خوش اپنے لوگوں کی طرف پلٹے گا۔