Tafsir As-Saadi
39:41 - 39:41

بلاشبہ نازل کی ہم نے آپ پر کتاب لوگوں کے لیے ساتھ حق کے، پس جس نے ہدایت پائی، تو اپنے ہی لیے اور جو گمراہ ہوا تو وہ گمراہ ہوتا ہے اپنے ہی نقصان کو اورنہیں ہیں آپ ان پرکوئی ذمے دار(41)

[41]اللہ تعالیٰ آگاہ فرماتا ہے کہ اس نے اپنے رسولﷺپر کتاب نازل فرمائی جو اپنی خبر اور اپنے اوامرونواہی میں حق پر مشتمل ہے، جو ہدایت کی اصل بنیاد اور ہر اس شخص کے لیے پیغام ہے جو اللہ تعالیٰ کے پاس اور اس کے اکرام و تکریم کے گھر پہنچنا چاہتا ہے۔ نیز اس کتاب کے ذریعے سے تمام جہانوں پر اللہ تعالیٰ کی حجت قائم ہو گئی۔﴿فَمَنِ اهۡتَدٰؔى ﴾ پس جس نے اس کی روشنی سے راہنمائی حاصل کی اور اس کے احکامات کی پیروی کی ﴿فَلِنَفۡسِهٖ﴾ تو اس کا فائدہ اسی کی طرف لوٹے گا ﴿وَمَنۡ ضَلَّ ﴾ جو ہدایت کے واضح ہو جانے کے بعد بھی گمراہ ہوا ﴿فَاِنَّمَا يَضِلُّ عَلَيۡهَا ﴾ ’’تو وہ اپنا ہی نقصان کرتا ہے۔‘‘ اور وہ اللہ تعالیٰ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے گا ﴿وَمَاۤ اَنۡتَ عَلَيۡهِمۡ بِوَؔكِيۡلٍ ﴾ ’’اور آپ ان پر نگران نہیں ہیں‘‘ کہ آپ ان کے اعمال پر نگاہ رکھیں، ان پر ان کا محاسبہ کریں اور جس کام پر چاہیں ان کو مجبور کریں۔ آپ تو صرف پہنچا دینے والے ہیں اور آپ وہ چیز ان تک پہنچا دیتے ہیں جسے پہنچا دینے کا آپ کو حکم دیا جاتا ہے۔