Tafsir As-Saadi
48:22 - 48:23

اور اگر لڑتے تم سے وہ لوگ جنھوں نے کفر کیا تویقیناً وہ پھیر جاتے (اپنی) پیٹھیں ، پھر نہ پاتے وہ کوئی دوست اور نہ کوئی مدد گار (22)(مانند) طریقے اللہ کے وہ جو تحقیق گزر چکا ہے (اس سے )پہلے اور ہرگز نہیں پائیں گے آپ طریقۂ الٰہی میں کوئی تبدیلی (23)

[22] یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے اپنے مومن بندوں کے لیے خوشخبری ہے۔ وہ ان کو ان کے دشمن کفار کے خلاف فتح و نصرت عطا کرے گا، اگر ان کفار نے ان کا مقابلہ کیا اور ان کے ساتھ جنگ کی ﴿ لَوَلَّوُا الۡاَدۡبَارَ ثُمَّ لَا يَجِدُوۡنَ وَلِيًّا﴾ ’’تو وہ پیٹھ پھیر کر بھاگ جائیں گے ، پھر وہ کوئی دوست نہ پائیں گے۔‘‘ جو ان کی سر پرستی کرے ﴿ وَّلَا نَصِيۡرًا﴾ ’’اور نہ مددگار۔‘‘ جو ان کی مدد کرے اور تمھارے خلاف لڑائی میں ان کی اعانت کرے، بلکہ وہ اپنے حال پر تنہا اور مغلوب چھوڑ دیے جائیں گے۔
[23] گزشتہ قوموں میں بھی اللہ تعالیٰ کی یہی سنت رہی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہی کے لشکر غالب آتے ہیں ﴿ وَلَنۡ تَجِدَ لِسُنَّةِ اللّٰهِ تَبۡدِيۡلًا﴾ ’’اور آپ سنت الٰہی میں کوئی تبدیلی نہیں پائیں گے۔‘‘