Tafsir As-Saadi
56:58 - 56:62

بھلا بتاؤ تو جو منی تم ٹپکاتے ہو (58) کیا تم پیدا کرتے ہو اس کو یا ہم ہیں (اس کے) خالق؟(59) ہم ہی نے مقدر کر دی ہے تمھارے درمیان موت اور نہیں ہم عاجز (بلکہ قادر ہیں)(60) اس بات پر کہ بدل کر لے آئیں (اور مخلوق) تم جیسی، اور نئے سرے سے پیدا کریں تمھیں ایسی (صورت) میں جو نہیں جانتے تم (61) اور یقیناً تم نے جان لیا ہے پہلی پیدائش کو، پھر کیوں نہیں تم نصیحت پکڑتے؟ (62)

[62-58] یعنی کیا تم نے منی کے ذریعے سے اپنی تخلیق کی ابتدا پر غور کیا جو تم (اپنی بیویوں کے رحم میں)ٹپکاتے ہو؟ کیا اس منی اور اس سے جو کچھ پیدا ہوتا ہے، اس کے تم خالق ہو یا اس کا خالق اللہ تعالیٰ ہے جس نے تم میں، یعنی مرد اور عورت میں شہوت پیدا کی ہے اور اس کے لیے دونوں میں سے ہر ایک کی راہ نمائی فرمائی، میاں بیوی کے درمیان محبت پیدا کی، ان کے درمیان مودت اور رحمت کا تعلق قائم کیا جو تناسل کا سبب ہے۔ اس لیے اللہ تعالیٰ نے تخلیق اول کے ذریعے سے تخلیق ثانی پر استدلال کیا ہے، چنانچہ فرمایا:﴿ وَلَقَدۡ عَلِمۡتُمُ النَّشۡاَةَ الۡاُوۡلٰى فَلَوۡلَا تَذَكَّـرُوۡنَ﴾ بے شک تمھاری تخلیق کی ابتدا پر قدرت رکھنے والی ہستی، تمھیں دوبارہ پیدا کرنے پر قدرت رکھتی ہے۔