Tafsir As-Saadi
96:1 - 96:19

پڑھیے اپنے رب کے نام سے وہ جس نے پیدا کیا(1) اس نے پیدا کیا انسان کو جمے ہوئے خون سے(2) پڑھیے اور آپ کا رب بڑا کریم ہے(3) وہ ذات جس نے (علم) سکھایا قلم کے ذریعے سے(4) اس نے سکھلایا انسان کو جو کچھ نہیں جانتا تھا وہ(5) یقیناً ! بلاشبہ انسان البتہ سرکشی کرتا ہے(6) اس لیے کہ وہ دیکھتا ہے اپنے آپ کو بے پروا(7) بلاشبہ آپ کے رب ہی کی طرف واپسی ہے(8) بھلا بتلا تو سہی، وہ شخص جو روکتا ہے(9) ایک بندے(محمدﷺ) کو جب وہ نماز پڑھتا ہے (10) بھلا بتلا تو ! اگر ہو وہ (نمازی) ہدایت پر(11) یا وہ حکم دیتا ہو پرہیز گاری کا (12) بھلا بتلا تو، اگر اس نے جھٹلایا اور روگردانی کی(13) کیا نہیں جانا اس نے یہ کہ بلاشبہ اللہ (اسے) دیکھ رہا ہے؟ (14) ہرگز نہیں! البتہ اگر نہ رکا وہ تو ضرور گھسیٹیں گے ہم (اس کو) پیشانی کے بالوں سے (پکڑ کر)(15) پیشانی جھوٹی خطاکار(16) پس چاہیے کہ وہ بلا لے اپنی مجلس کو (17) یقیناً ہم بھی بلا لیں گے عذاب کے فرشتوں کو(18) ہرگز نہیں! نہ اطاعت کریں آپ اس کی، اور سجدہ کیجیے اور قرب حاصل کیجیے(19)

(شروع ) اللہ کے نام سے جو نہایت مہربان رحم کرنے والا ہے۔
[1] رسول اللہﷺ پر نزول کے اعتبار سے یہ قرآن کی اولین سورت ہے، یہ نبوت کے ابتدائی زمانے میں نازل ہوئی جب آپ نہیں جانتے تھے کہ کتاب کیا ہے اور ایمان کیا چیز ہے۔ پس جبریل uرسالت لے کر آپ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور آپ سے کہا کہ آپ پڑھیں، مگر آپ نے عذر پیش کیا اور کہا ’’میں پڑھا ہوا نہیں ہوں‘‘ جبریل بار بار یہی بات دہراتے رہے یہاں تک کہ آپ نے پڑھا اور اللہ تعالیٰ نے یہ آیات نازل فرمائیں:﴿ اِقۡرَاۡ بِاسۡمِ رَبِّكَ الَّذِيۡ خَلَقَ﴾ ’’اپنے رب کا نام لے کر پڑھیں جس نے پیدا کیا۔‘‘ یعنی جس نے عام مخلوق کو پیدا کیا۔
[2] پھر انسان کو خاص کر کے اس کی تخلیق کی ابتدا کا ذکر کیا، فرمایا:﴿ مِنۡ عَلَقٍ﴾ ’’خون کے لوتھڑے سے (پیدا کیا)۔‘‘ پس جس ہستی نے انسان کو پیدا کیا اور اس کی تدبیر کی، لازم ہے کہ وہ امر و نہی کی بھی تدبیر کرے اور یہ کام وہ رسول بھیج کر اور کتابیں نازل کر کے سر انجام دیتا ہے۔ اس لیے اللہ تعالیٰ نے پڑھنے کا حکم دے کر انسان کی تخلیق کا ذکر کیا۔
[5-3]﴿اِقۡرَاۡ وَرَبُّكَ الۡاَكۡرَمُ﴾ ’’پڑھیے، آپ کا رب بڑا کریم ہے۔‘‘ یعنی آپ کا رب بہت زیادہ اور وسیع صفات کا مالک، بہت زیادہ کرم و احسان اور بے پایاں جود والا ہے۔ جس کا کرم یہ ہے کہ اس نے مختلف انواع کے علوم کے ذریعے سے تعلیم دی اور ﴿عَلَّمَ بِالۡقَلَمِۙ۰۰ عَلَّمَ الۡاِنۡسَانَ مَا لَمۡ يَعۡلَمۡ﴾ ’’قلم کے ذریعے سے سکھایا، اور انسان کو وہ باتیں سکھائیں جن کا اس کو علم نہ تھا۔‘‘ اللہ تعالیٰ نے انسان کو ماں کے پیٹ سے نکالا، وہ اس وقت کچھ نہیں جانتا تھا، اس کو سماعت، بصارت اور عقل سے بہرہ ور کیا، اس کے لیے حصول علم کے تمام اسباب آسان کیے، اسے قرآن کی تعلیم دی، حکمت سکھائی اور قلم کے ساتھ علم عطا کیا، جس کے ذریعے تمام علوم کو محفوظ اور حقوق کو ضبط کیا جاتا ہے اور وہ لوگوں کے لیے ایسا ایلچی ہوتا ہے جو ان کے لیے بالمشافہ خطاب کا قائم مقام ہوتا ہے۔اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا اور اس کا احسان ہے جس نے اپنے بندوں کو ان نعمتوں سے نوازا جن کی وہ جزا دینے پر قادر ہیں نہ شکر ادا کرنے پر ، پھر اللہ تعالیٰ نے انھیں تونگری اور کشائش رزق سے نوازا۔
[8-6] مگر انسان نے اپنے ظلم و جہالت کی بنا پر جب اپنے آپ کو غنی دیکھا تو سرکشی اور بغاوت پر اتر آیا، ہدایت کے مقابلے میں تکبر کیا اور بھول بیٹھا کہ اسے اپنے رب کی طرف لوٹنا ہے اور جزا سے نہ ڈرا۔ بلکہ وہ اس حالت کو پہنچ جاتا ہے کہ خود بھی ہدایت کو چھوڑ دیتا ہے اور دوسروں کو بھی ہدایت چھوڑنے کی دعوت دیتا ہے۔ پس وہ نماز پڑھنے سے روکتا ہے جو اعمال ایمان میں سب سے افضل عمل ہے۔
[14-9] اللہ تعالیٰ اس متکبر اور سرکش سے فرماتا ہے: ﴿اَرَءَيۡتَ﴾ بندہ جب نماز پڑھے، اس کو نماز پڑھنے سے روکنے والے! مجھے بتا۔ ﴿اِنۡ كَانَ﴾ بھلا نماز پڑھنے والا بندہ ﴿عَلَى الۡهُدٰۤى﴾ اگر حق کا علم رکھنے والا اور اس پر عمل کرنے والا ہو ﴿اَوۡ اَمَرَ ﴾ یا دوسروں کو حکم دیتا ہو۔ ﴿ بِالتَّقۡوٰى ﴾’’تقویٰ کا۔‘‘کیا یہ اچھی بات ہے کہ ایسے شخص کو روکا جائے جس کا یہ وصف ہے؟ کیا اس کو روکنا اللہ تعالیٰ کے ساتھ سب سے بڑی دشمنی اور حق کے خلاف جنگ نہیں؟ کیونکہ نہی کا رخ صرف اسی کی طرف ہوتا ہے جو فی نفسہ ہدایت پر نہیں ہوتا یا وہ دوسروں کو تقویٰ کے خلاف حکم دیتا ہے۔﴿اَرَءَيۡتَ اِنۡ كَذَّبَ﴾ بھلا بتلاؤ! حق سے روکنے والے نے اگر جھٹلایا ہو ﴿وَتَوَلّٰى﴾ اور حکم سے منہ موڑا ہو، کیا وہ اللہ تعالیٰ اور اس کے عذاب سے نہیں ڈرتا ﴿اَلَمۡ يَعۡلَمۡ بِاَنَّ اللّٰهَ يَرٰى ﴾ ’’کیا وہ نہیں جانتا کہ اللہ اسے دیکھتا ہے ‘‘ جو عمل وہ کرتا اور جو فعل وہ سر انجام دیتا ہے ؟
[15، 16] اگر وہ اپنے حال پر جما رہا تو اس کو وعید سنائی، پس فرمایا:﴿كَلَّا لَىِٕنۡ لَّمۡ يَنۡتَهِ﴾ جو کچھ وہ کہتا اور کرتا ہے اگر اس سے باز نہ آیا ﴿لَنَسۡفَعًۢا بِالنَّاصِيَةِ﴾ تو ہم اس کی پیشانی کو بڑی سختی سے پکڑیں گے اور یہ اسی کی مستحق ہے کیونکہ یہ ﴿نَاصِيَةٍ كَاذِبَةٍ خَاطِئَةٍ﴾ پیشانی اپنے قول میں جھوٹی اور اپنے فعل میں خطا کار ہے۔
[17، 18]﴿فَلۡيَدۡعُ﴾ یعنی یہ شخص جس پر عذاب واجب ہو چکا ہے ﴿نَادِيَهٗ﴾ اپنے اہل مجلس، اپنے ساتھیوں اور ان لوگوں کو بلا لے جو اس کے اردگرد ہیں تاکہ وہ اس عذاب کے خلاف اس کی مدد کریں جو اس پر نازل ہوا ہے۔ ﴿سَنَدۡعُ الزَّبَانِيَةَ﴾ ہم بھی اس کو پکڑنے اور اس کو سزا دینے کے لیے جہنم کے داروغوں کو بلا لیں گے، پھر وہ دیکھے گا کہ کون سا فریق زیادہ طاقتور اور زیادہ قدرت والا ہے۔ یہ اس روکنے والی ہستی اور اس عقوبت کا حال ہے جس کی وعید سنائی گئی ہے۔
[19] رہا اس شخص کا حال جس کو روکا گیا تو اس کو اللہ تعالیٰ نے حکم دیا کہ اس روکنے والے کی طرف دھیان ہی نہ دے اور نہ اس کی نہی پر عمل کرے ، چنانچہ فرمایا:﴿كَلَّا١ؕ لَا تُطِعۡهُ﴾ ’’دیکھ! اس کی اطاعت نہ کرنا۔‘‘ یعنی وہ صرف اسی چیز کا حکم دیتا ہے جس میں خسارہ ہوتا ہے ﴿وَاسۡجُدۡ﴾ اور اپنے رب کے لیے سجدہ کیجیے ﴿وَاقۡتَرِبۡ﴾ سجدوں وغیرہ اور دیگر نیکیوں اور عبادت میں اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کیجیے، کیونکہ یہ تمام عبادات اللہ تعالیٰ اور اس کی رضا کے قریب کرتی ہیں۔یہ ہر اس شخص کے لیے عام ہے جو بھلائی سے روکتا ہے اور ہر اس امر کے لیے عام ہے جس سے روکا گیا ہے، اگرچہ یہ آیات ابوجہل کے بارے میں اس وقت نازل ہوئیں جب اس نے رسول اللہﷺ کو نماز پڑھنے سے روکا، آپ کو تعذیب دی اور اذیت پہنچائی۔