Tafsir As-Saadi
16:94 - 16:94

اور مت بناؤ تم اپنی قسموں کو دھوکا دینے کا ذریعہ آپس میں ، کہ ڈگمگا جائے قدم (اسلام سے) بعد اس کے جمنے کےاورچکھو تم سزا (دنیا میں ) بوجہ اس کے کہ روکا تم نے اللہ کی راہ سےاور ہو گا تمھارے لیے عذاب بہت بڑا (آخرت میں )(94)

[94]﴿ وَلَا تَتَّؔخِذُوۡۤا اَيۡمَانَكُمۡ﴾ ’’اور نہ ٹھہراؤ تم اپنی قسموں کو‘‘ یعنی اپنے عہد اور میثاق کو ﴿ دَخَلًۢا بَيۡنَكُمۡ﴾ ’’آپس میں دھوکے کا ذریعہ‘‘ یعنی اپنی خواہشات نفس کا تابع نہ بناؤ کہ جب چاہو پورا کر دو اور جب چاہو توڑ دو۔ اگر تم ایسا کرو گے تو صراط مستقیم پر سے تمھارے قدم پھسل جائیں گے۔ ﴿ وَتَذُوۡقُوا السُّوۡٓءَ ﴾ ’’اور چکھو گے تم سزا‘‘ یعنی تم ایسے عذاب کا مزا چکھو گے جو بہت برا اور غمزدہ کر دینے والا عذاب ہو گا ﴿ بِمَا صَدَدۡتُّمۡ عَنۡ سَبِيۡلِ اللّٰهِ﴾ ’’اس بات پر کہ تم نے اللہ کے راستے سے روکا‘‘ کیونکہ تم خود بھی راہ راست سے بھٹکے اور دوسروں کو بھی بھٹکا دیا۔ ﴿ وَلَكُمۡ عَذَابٌ عَظِيۡمٌ﴾ ’’اور تمھارے لیے عذاب ہے بڑا‘‘ یعنی کئی گنا۔