Tafsir As-Saadi
73:12 - 73:14

بلاشبہ ہمارے ہاں بیڑیاں ہیں اور بھڑکتی ہوئی آگ (12) اور طعام گلے میں پھنس جانے والا اور عذاب بہت درد ناک (13) جس دن کانپے گی زمین اور پہاڑ، اور ہو جائیں گے پہاڑ ریت کے ٹیلے بھربھرے (14)

[13,12] یعنی ہمارے پاس ﴿ اَنۡكَالًا﴾ سخت عذاب ہے، اسے ہم نے اس شخص کے لیے عبرتناک سزا بنایا ہے جو ان امور پر جما ہوا ہے جن پر اللہ تعالیٰ ناراض ہوتا ہے۔ ﴿ وَّجَحِيۡمًا﴾ اور بھڑکتی ہوئی آگ ہے ﴿ وَّطَعَامًا ذَا غُصَّةٍ﴾ ’’ اور گلو گیر کھانا‘‘ یہ اچُّھو اس کھانے کی تلخی، بدمزگی، اس کے ذائقے کی کراہت اور اس کی بے انتہا گندی بدبو کی بنا پر لگے گا۔ ﴿ وَّعَذَابًا اَلِيۡمًا﴾ اور انتہائی درد ناک اور تکلیف دہ عذاب ہے۔
[14]﴿ يَوۡمَ تَرۡجُفُ الۡاَرۡضُ وَالۡجِبَالُ﴾ جس روز زمین اور پہاڑ بہت بڑے خوف سے کانپ اٹھیں گے ﴿ وَكَانَتِ الۡجِبَالُ﴾ اور زمین پرمضبوطی سے جمے ہوئے ٹھوس اور سخت پہاڑ ﴿كَثِيۡبًا مَّهِيۡلًا﴾ ریت کے بھر بھرے ٹیلے بن جائیں گے ، یعنی بکھری ہوئی ریت کی مانند، پھر اس کے بعد یہ ریت آہستہ آہستہ پھیل کر اڑتا ہوا غبار بن جائے گی۔