Tafsir As-Saadi
37:164 - 37:166

اور نہیں ہے ہم میں سے (کوئی) مگر اس کے لیے مرتبہ ہے معلوم(اللہ کے نزدیک)(164) اور بلاشبہ ہم البتہ صف باندھے، کھڑے رہنے والے ہیں (165) اور بے شک ہم البتہ تسبیح (پاکیزگی بیان) کرنے والے ہیں(166)

[166-164] یہ فرشتوں کے بارے میں کفار کی بہتان طرازی سے براء ت کا بیان ہے، نیز یہ کہ فرشتے اللہ تعالیٰ کے بندے ہیں اور لمحہ بھر کے لیے اس کی نافرمانی نہیں کر سکتے، اللہ تعالیٰ نے ان میں سے ہر ایک کو ایک مقام اور کسی تدبیر کی ذمہ داری سونپی ہے وہ اس سے تجاوز کر سکتے ہیں نہ انھیں کسی چیز کا کوئی اختیار ہے۔ ﴿وَّاِنَّا لَنَحۡنُ الصَّآفُّوۡنَ﴾ یعنی ہم اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور خدمت میں صف آرا ہوتے ہیں۔ ﴿وَاِنَّا لَنَحۡنُ الۡمُسَبِّحُوۡنَ۠ ﴾ ’’اور بے شک ہم پاکی بیان کرتے ہیں‘‘ اللہ تعالیٰ کی ہر ایسے وصف سے جو اس کی کبریائی کے لائق نہیں۔ بایں ہمہ ان کو اللہ تعالیٰ کا شریک ٹھہرانا کیسے درست ہو سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان مشرکین کے بہتان سے بلندوبالاتر ہے۔