Tafheem e Qur'an - Syed Abu Ali Maududi

Ayah by Ayah

Tags

Download Links

Tafheem e Qur'an - Syed Abu Ali Maududi translation for Surah Al-Insan — Ayah 6

76:6
عَيۡنٗا يَشۡرَبُ بِهَا عِبَادُ ٱللَّهِ يُفَجِّرُونَهَا تَفۡجِيرٗا ٦
یہ ایک بہتا چشمہ ہوگا1 جس کے پانی کے ساتھ اللہ کے بندے2 شراب پئیں گے اور جہاں چاہیں گے بسہُولت اس کی شاخیں نکال لیں گے۔3
Footnotes
  • [1] یہ مطلب نہیں ہے کہ وہاں وہ کداں پھاوڑے لے کر نالیاں کھودیں گے اور اس طرح چشمے کا پانی جہاں لے جانا چاہیں گے لے جائیں گے، بلکہ ان کا ایک حکم اور اشارہ اس کے لیے کافی ہوگا کہ جنت میں جہاں وہ چاہیں اُسی جگہ وہ چشمہ پُھوٹ لے۔ بسہولت نکال لینے کے الفاظ اسی مفہوم کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔
  • [2] عباد اللہ (اللہ کے بندے) یا عباد الرحمٰن(رحمٰن کے بندے) کے الفاظ اگر چہ لُغوی طور پر تمام انسانوں کے لیے استعمال ہو سکتے ہیں، کیونکہ سب ہی خدا کے بندے ہیں، لیکن قرآن میں جہاں بھی یہ الفاظ آئے ہیں ان سے نیک بندے ہی مراد ہیں۔ گویا کہ بد لوگ جنہوں نے اپنے آپ کو بندگی سے خارج کر رکھا ہو، اِس قابل نہیں ہیں کہ اُن کو اللہ تعالیٰ اپنے اسمِ گرامی کی طرف منسوب کرتے ہوئے عباد اللہ یا عباد الرحمٰن کے معزز خطاب سے نوازے۔
  • [3] یعنی وہ کافور ملا ہوا  پانی نہ ہوگا بلکہ ایسا قدرتی چشمہ ہوگا جس کے پانی کی صفائی اور ٹھنڈک اور خوشبو کافور سے ملتی جُلتی ہو گی۔