Tafsir As-Saadi
29:36 - 29:37

اور (بھیجا ہم نے) مدین کی طرف ان کے بھائی شعیب کو تو اس نے کہا، اے میری قوم! عبادت کرو تم اللہ کی اور امید رکھو تم یوم آخرت کی اورنہ پھرو تم زمین میں فساد کرتے ہوئے (36) پس انھوں نے جھٹلایا اسے تو پکڑ لیا انھیں زلزلے نے، پس ہو گئے وہ اپنے گھروں میں (مردہ) گھٹنوں کے بل گرے ہوئے (37)

[37-36]﴿وَ﴾ ’’اور‘‘ یعنی ہم نے مبعوث کیا: ﴿ اِلٰى مَدۡيَنَ ﴾ ’’اہل مدین کی طرف‘‘ جو ایک مشہور و معروف قبیلہ تھا ﴿ اَخَاهُمۡ شُعَيۡبًا ﴾ ’’ان کے نسبی بھائی شعیب کو‘‘ جنھوں نے ان کو اکیلے اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے، آخرت پر ایمان رکھنے، اللہ تعالیٰ پر امیدیں رکھنے اور صرف اسی کے لیے عمل کرنے کا حکم دیا اور ان کو زمین میں فساد پھیلانے، ناپ تول میں کمی کرنے اور ڈاکہ زنی سے روکا مگر انھوں نے ان کو جھوٹا سمجھا تو اللہ تعالیٰ کے عذاب نے ان کو آ لیا ﴿ فَاَصۡبَحُوۡا فِيۡ دَارِهِمۡ جٰؔثِمِيۡنَ﴾ ’’پس وہ اپنے گھر میں پڑے کے پڑے رہ گئے۔‘‘