Tafsir As-Saadi
3:195 - 3:195

پس قبول کی (دعا) ان کی ان کے رب نے، یہ کہ نہیں ضائع کروں گا میں عمل کسی کرنے والے کا تم میں سے مرد ہو یا عورت، بعض تمھارا بعض سے ہے، ( یعنی تم ایک ہی ہو) پس وہ لوگ جنھوں نے ہجرت کی اور نکال دیے گئے وہ اپنے گھروں سے اور تکلیف دیے گئے میرے راستے میں اور لڑے وہ اور قتل کر دیے گئے وہ تو دور کر دوں گا ان سے ان کی برائیاں اور یقینا داخل کروں گا میں ان کو ایسے باغوں میں کہ چلتی ہیں ان کے نیچے نہریں، بطور ثواب کے اللہ کی طرف سے اور اللہ، اسی کے پاس ہے اچھا ثواب(195)

[195] اللہ تعالیٰ نے ان کی دعائے عبادت اور دعائے طلب، (دونوں دعائیں) قبول فرما لیں اور فرمایا: ﴿ اَنِّيۡ لَاۤ اُضِيۡعُ عَمَلَ عَامِلٍ مِّنۡكُمۡ مِّنۡ ذَكَرٍ اَوۡ اُنۡثٰى﴾ ’’میں کسی عمل کرنے والے کا عمل ضائع نہیں کرتا، وہ مرد ہو یا عورت‘‘ پس تمام لوگ اپنے اعمال کا پورا پورا اور وافر اجر پائیں گے۔۔۔ تم میں سے تمام لوگ (خواہ مرد ہوں یا عورت)ثواب اور عقاب میں مساوی ہیں۔﴿ فَالَّذِيۡنَ هَاجَرُوۡا وَاُخۡرِجُوۡا مِنۡ دِيَارِهِمۡ وَاُوۡذُوۡا فِيۡ سَبِيۡلِيۡ وَقٰتَلُوۡا وَقُتِلُوۡا ﴾ ’’وہ لوگ جنھوں نے ہجرت کی اور اپنے گھروں سے نکال دیے گئے اور جنھیں میری راہ میں ایذا دی گئی اور جنھوں نے جہاد کیا اور شہید کر دیے گئے‘‘ پس انھوں نے ایمان، ہجرت اور اپنے رب کی رضا کی خاطر اپنے وطن اور مال و متاع جیسی محبوب چیزوں سے مفارقت کو جمع کر دیا نیز انھوں نے اللہ کے راستے میں جہاد کیا۔ ﴿ لَاُكَفِّرَنَّ عَنۡهُمۡ سَيِّاٰتِهِمۡ وَلَاُدۡخِلَنَّهُمۡ جَنّٰتٍ تَجۡرِيۡ مِنۡ تَحۡتِهَا الۡاَنۡهٰرُ١ۚ ثَـوَابًا مِّنۡ عِنۡدِ اللّٰهِ ﴾ ’’میں بالضرور ان کی برائیاں ان سے دور کروں گا اور بالضرور انھیں ان جنتوں میں لے جاؤں گا جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہیں، بدلہ اللہ کی طرف سے‘‘ جو اپنے بندے کو اس کے بہت تھوڑے سے عمل پر بہت زیادہ ثواب عطا کرتا ہے ﴿ وَاللّٰهُ عِنۡدَهٗ حُسۡنُ الثَّوَابِ ﴾ ’’اور اللہ کے پاس ہی بہترین اجر و ثواب ہے‘‘ ایسا ثواب جو کسی آنکھ نے دیکھا ہے نہ کسی کان نے سنا ہے اور نہ کسی بشر کے دل میں اس کے تصور کا گزر ہوا ہے۔ پس جو کوئی اس ثواب کے حصول کا ارادہ رکھتا ہے وہ حسب استطاعت اللہ تعالیٰ کی اطاعت اس کے تقرب کے ذریعے سے اس سے یہ ثواب طلب کرے۔