Tafsir As-Saadi
6:92 - 6:92

اور یہ کتاب، ہم نے اتارااسے، مبارک ہے، تصدیق کرنے والی ہے اس (کتاب)کی جو اس سے پہلے ہے اور تا کہ آپ ڈرائیں مکہ اور اس کے پاس والوں کو‘ اور وہ لوگ جو ایمان رکھتے ہیں آخرت پر وہ ایمان لاتے ہیں اس (قرآن) پراور وہ اپنی نماز کی حفاظت کرتے ہیں (92)

[92]﴿ وَهٰؔذَا ﴾ ’’اور یہ‘‘ یعنی قرآن مجید ﴿ كِتٰبٌ اَنۡزَلۡنٰهُ مُبٰرَكٌ ﴾ ’’کتاب ہے، اس کو اتارا ہم نے آپ کی طرف، برکت والا‘‘ یعنی برکت اس کا وصف ہے اور اس کا سبب یہ ہے کہ یہ بھلائیوں اور نیکیوں پر مشتمل ہے ﴿ مُّصَدِّقُ الَّذِيۡ بَيۡنَ يَدَيۡهِ ﴾ ’’جو اپنے سے پہلی کتابوں کی تصدیق کرتی ہے۔‘‘ یعنی یہ کتاب، گزشتہ کتابوں کی موافقت کرتی ہے اور ان کی صداقت پر گواہ ہے۔ ﴿ وَلِتُنۡذِرَ اُمَّ الۡقُرٰى وَمَنۡ حَوۡلَهَا ﴾ نیز ہم نے یہ کتاب اس لیے نازل کی ہے تاکہ آپ بستیوں کی ماں ، یعنی مکہ مکرمہ کے لوگوں اور اس کے ارد گرد دیار عرب بلکہ تمام شہروں کے لوگوں کو ڈرائیں تاکہ لوگ اللہ تعالیٰ کے عذاب اور اس کی پکڑ سے بچیں اور ان امور سے بچیں جو اس کے عذاب کے موجب ہیں ۔ ﴿ وَالَّذِيۡنَ يُؤۡمِنُوۡنَ بِالۡاٰخِرَةِ يُؤۡمِنُوۡنَ بِهٖ ﴾ ’’اور جن کو یقین ہے آخرت کا، وہ اس پر ایمان لاتے ہیں ‘‘ کیونکہ جب خوف دل میں جاگزیں ہوتا ہے تو اس کے تمام ارکان آباد ہو جاتے ہیں اور وہ اللہ تعالیٰ کی رضا کی پیروی کرنے لگ جاتا ہے ﴿ وَهُمۡ عَلٰى صَلَاتِهِمۡ يُحَافِظُوۡنَ ﴾ ’’اور وہ اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں ‘‘ یعنی وہ نمازوں پر دوام کرتے ہیں ، اس کے ارکان و حدود، اس کے آداب و شرائط اور اس کی تکمیل کرنے والے دیگر تمام امور کی حفاظت کرتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی ان میں شامل کرے۔