Tafsir As-Saadi
29:44 - 29:44

پیدا کیا اللہ نے آسمانوں اور زمین کو ساتھ حق کے، بلاشبہ اس میں البتہ (عظیم) نشانی ہے مومنوں کے لیے (44)

[44] یہ اللہ تبارک و تعالیٰ ہی ہے کہ جس نے آسمانوں کو ان کی بلندیوں ، ان کی کشادگی، ان کی خوبصورتی اور ان کے اندر سورج، چاند، دیگر سیارگان اور فرشتوں کی موجودگی کے باوجود، اکیلے تخلیق کیا ہے اور وہی ہے جو زمین اور اس کے پہاڑوں ، سمندروں ، صحراؤں ، بیابانوں اور درختوں کی تخلیق میں متفرد ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ان تمام چیزوں کو حق کے ساتھ پیدا کیا ہے، یعنی اللہ تعالیٰ نے ان تمام چیزوں کو عبث، بے کار اور بے فائدہ پیدا نہیں کیا۔ اللہ تعالیٰ نے اس کائنات کو صرف اس لیے تخلیق فرمایا ہے کہ اس کا حکم اور شریعت نافذ ہو اور اس کے بندوں پر اس کی نعمت کا اتمام ہو تاکہ بندے اس کی حکمت، اس کے غلبہ اور اس کی تدبیر کائنات کا مشاہدہ کریں جو اس حقیقت کی طرف ان کی راہنمائی کرتی ہے کہ وہ اکیلا ان کا معبود، محبوب اور الٰہ ہے۔ ﴿اِنَّ فِيۡ ذٰلِكَ لَاٰيَةً لِّلۡمُؤۡمِنِيۡنَ﴾ بے شک اس میں اہل ایمان کے لیے بہت سے مطالب ایمانیہ کی طرف راہنمائی کے لیے نشانیاں ہیں جب بندۂ مومن ان میں تدبر کرتا ہے تو ان نشانیوں کو عیاں دیکھتا ہے۔