Tafheem e Qur'an - Syed Abu Ali Maududi

Ayah by Ayah

Tags

Download Links

Tafheem e Qur'an - Syed Abu Ali Maududi translation for Surah Al-'Ankabut — Ayah 22

29:22
وَمَآ أَنتُم بِمُعۡجِزِينَ فِي ٱلۡأَرۡضِ وَلَا فِي ٱلسَّمَآءِۖ وَمَا لَكُم مِّن دُونِ ٱللَّهِ مِن وَلِيّٖ وَلَا نَصِيرٖ ٢٢
تم نہ زمین میں عاجز کرنے والے ہو نہ آسمان میں،1 اور اللہ سے بچانے والا کوئی سرپرست اور مددگار تمہارے لیے نہیں ہے۔2
Footnotes
  • [1] یعنی تم کسی ایسی جگہ بھاگ  کر نہیں جا سکتے جہاں اللہ کی گرفت سے بچ نکلو۔ خواہ تم زمین کی تہوں میں کہیں اتر جاؤ یا آسمان کی بلندیوں میں پہنچ جاؤ، بہر حال تمہیں ہر جگہ سے پکڑ لایا جائے گا اور اپنے ربّ کے سامنے تم حاضر کر دیے جاؤ گے ۔ یہی بات سُورۂ رحمٰن میں جِنوں اور انسانوں کو خطاب کرتے ہوئے چیلنج کے انداز میں بیان  فرمائی گئی ہے کہ تم خدا کی خدائی سے اگر نکل سکتے ہو تو ذرا نِکل کر دکھاؤ، اس سے نکلنے کے لیے زور چاہیے ، اور وہ زور تمہیں حاصل نہیں ہے، اس لیے تم ہرگز نہیں نِکل سکتے۔ یَا مَعْشَرَ الْجِنِّ وَالْاِنْسِ اِنِ اسْتَطَعْتُمْ اَنْ تَنْقُذُوْا مِنْ اَقْطَارِ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ فَا نْفُذُوْ ا لَا تَنْفُذُوْنَ اِلَّا بِسُلْطٰنٍ o (آیت 33)۔
  • [2] یعنی نہ تمہارا اپنا زور اتنا ہے کہ خد اکی پکڑ سے بچ جاؤ، اور نہ تمہارا کوئی ولی و سرپرست یا مددگار ایسا زورآور  ہے کہ خدا کے مقابلے میں تمہیں پناہ دے سکے اور اس کے مواخذے سے تمہیں بچا لے۔ ساری کائنات  میں کسی کی یہ مجال نہیں ہے کہ جن لوگوں نے کفر و شرک کی ارتکاب کیا ہے ،جنہوں نے احکام خداوندی کے آگے جھکنے سے انکار کیا ہے، جنہوں نے جرأت و جسارت کے ساتھ خدا کی نافرمانیاں کی ہیں اور ا س کی زمین میں ظلم و فساد کے طوفان اُٹھائے ہیں ان کا حمایتی بن کر اُٹھ سکے اور خدا کے فیصلۂ عذاب کو ان پر نافذ ہونے سے روک سکے، یا خدا کی عدالت میں یہ کہنے کی ہمت کر سکے کہ یہ میرے ہیں  اس لیے جو کچھ بھی انہوں نے کیا ہے اسے معاف کر دیا جائے۔